اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو چیئر مین سینیٹ الیکشن کیلئے مشترکہ امیدوار نامزد کر دیا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیر پاؤ، عثمان کاکڑ، نو نتخب سینیٹر ساجد میر، اے این پی کے میاں افتخارحسین، سینیٹر یوسف رضاگیلانی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے لئے مشترکہ امیدواروں، لانگ مارچ کی تیاریوں و حکمت عملی، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد کی صورتحال اور مجموعی ملکی سیاسی حالات پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چار روز بعد چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ہونا ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیت کر ایک اور فتح اپنے نام کریں، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے روڈ میپ کے ساتھ کمٹڈ ہے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی طرف سے سیّد یوسف رضا گیلانی کا نام تجویز کیا جس کے بعد مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی نے سابق وزیراعظم کے نام پر اتفاق کر لیا۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے گیلانی کو مشترکہ امیدوار نامزد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں ڈپٹی چیئر مین سینیٹ کے نام کا اعلان آج نہ ہونے کا امکان ہے۔ ڈپٹی چئیرمین کے نام کا معاملہ سٹیئرنگ کمیٹی کے سپرد کرنے کا امکان ہے۔
اجلاس کے دوران بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی چئیرمین کے لیے فیصلہ اسٹیرنگ پر چھوڑدیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کمیٹی کی سفارشات بھی اجلاس میں پیش کی گئی ہیں، سفارشات کے مطابق لانگ مارچ 26 مارچ کو کراچی سے ایک عوامی اجتماع کے ساتھ شروع ہوگا، تمام جلوس 30 مارچ کی سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچیں گے۔
سفارشات کے مطابق تمام جماعتیں ذیادہ سے ذیادہ افراد کو لانے کیلئے طرح متحرک ہوں، شرکاء کے استقبال کیلئے فیض آباد میں مرکزی کیمپ لگایا جائے گا، روات چوک، 26 نمبر چونگی، بارہ کہو سمیت دیگر اہم جگہوں پر میں کیمپ لگایا جائے گا، تمام جماعتیں اپنے جلوسوں کو الگ، الگ سے منظم کریں گی۔
سفارشات کے مطابق تمام جماعتیں اپنے اخراجات برداشت کریں گی، پی ڈی ایم کی سینئر قیادت کو فوری طور پر چاروں صوبوں کا دورہ کرنا چاہئے، لانگ مارچ کے لئے لوگوں کو متحرک کرنے کے لئے ایک مشترکہ نظم تیار کی جائے، لانگ مارچ کے لئے مختلف کمیٹیاں فوری طور پر تشکیل دی جائیں، مختلف کمیٹیوں میں کنٹرول روم، میڈیا اور تشہیر کمیٹی، استقبالیہ کمیٹی شامل ہے۔
کمیٹی سفارشات کے مطابق سیکیورٹی کمیٹی، سہولیات کمیٹی، لیگل کمیٹی، فنانس کمیٹی،پروگرام کمیٹی، فوڈ کمیٹی، میڈیکل کمیٹی شامل ہے۔ دھرنے کے مقام پر شرکاء کے پہنچنے سے قبل انتظامات کئے جائیں، دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ مقصد حاصل نہیں ہوتا ہے، تاجروں ، کسانوں اور مزدور یونینوں سے رابطہ کیا جائے اور انہیں مکمل طور پر متحرک کیا جائے۔