اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہر سال غریب ممالک سے ایک ہزار ارب ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، غریب ملکوں کے نواز شریف اور زرداری چوری کا پیسہ باہر بھیجتے ہیں، کرپشن کے پیسے سے لوگ خریدے جاتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں جو تماشا لگا سب نے دیکھا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے تشکیل کردہ پینل کی رپورٹ "فیکٹ آئی" رپورٹ سب کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں جو غریب اور ترقی پذیر ممالک سے متعلق ہے۔ غریب ممالک کا 7 ہزار ارب ڈالر بیرون ممالک میں پڑا ہے، ٹیکس چوری کا پیسہ باہر بھجوایا جاتا ہے۔ بڑے منصوبوں پر بڑی سطح پر کرپشن ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری کرپشن کیلئے پہلے متعلقہ اداروں کو کمزور کرتے ہیں، بدعنوان عناصر بڑے منصوبوں سےکمیشن لے کر باہر منتقل کرتے ہیں، ان بدعنوان عناصر کے باعث ملک مقروض ہو جاتا ہے۔ بدعنوان عناصر ناجائز پیسے سے اداروں کو خریدتے ہیں، کرپشن کے پیسے سے لوگ بھی خرید لئے جاتے ہیں، سینیٹ الیکشن میں جو تماشا چلا سب نے دیکھا۔ بدقسمتی سے معاشرے میں کرپشن کو قابل قبول بنا دیا جاتا ہے۔ جب انصاف کرنےکی صلاحیت ختم ہوجائے تو قوم تباہ ہوجاتی ہے، ملک میں کرپشن سے زیادہ کوئی اورچیز بنیادوں کوتباہ نہیں کرتی۔ جس قوم میں اخلاقی معیارنہ ہووہ کبھی انصاف نہیں کرسکتی۔