پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے موسم سرد ہوگیا، کالام، مالم جبہ مری، گلیات میں برفباری نے موسم حسین بنا دیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارش اور برفباری کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔
ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کے رنگ، مری اور گلیات میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ایوبیہ، نتھیا گلی اور چھانگلہ گلی میں بھی بادل برسنے سے موسم میں خنکی آگئی۔
کالام، مالم جبہ میں آسمان سے گرتی برف نے موسم دلکش بنا دیا۔ گبین جبہ میں بھی برفباری سے موسم سرد ہوگیا۔ پشاور، صوابی میں بھی ابر رحمت برسا۔ پنجاب کے مختلف شہروں سانگلہ ہل، قائد آباد میں بھی بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر مو سلادھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔