لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے، کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔
پنجاب میں فیصل آباد، جھنگ، لیہ، مریدکے اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بلوچستان کے علاقے سبی میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں اور بالائی مقامات پر تیسرے روز بھی بادلوں کے ڈیرے ہیں، کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کے ساتھ پہاڑوں پر تازہ برفباری سے موسم ایک بار پھر سے سرد ہوگیا ہے۔
ہوا میں خنکی کے احساس کے ساتھ بدلتے موسم کا لطف اٹھانے لوگ تفریحی مقامات اور پارکوں کا رخ کر رہے ہیں۔ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں وادی نیلم اور لیپہ میں زمینی رابطہ بھی متاثر ہونے لگا ہے۔