اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی لہر آ چکی ہے، اگر احتیاط نہ برتی گئی تو یہ پورے ملک میں پھیل سکتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان میں پنجاب کے بڑے شہر کورونا وائرس کی زد میں ہیں تاہم اگر احتیاط نہ برتی گئی تو پورا پاکستان اس نئی لہر کی زد میں آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی اقسام داخل ہو چکی ہیں اور یہ نئی اقسام بہت تیزی سے پھیلتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا تو یہ لہر پورے پاکستان میں بری طرح پھیل سکتی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو ہمارے ہیلتھ سسٹم پر بھی اثر انداز ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خدشہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی کچھ اقسام بہت زیادہ خطرناک بھی ہو سکتی ہیں، ان سے خود خود بھی بچیں اور اپنے پیاروں کو بھی بچائیں۔