راولپنڈی: (دنیا نیوز) سیکیورٹی فورسز نے سوات کے علاقہ کانجو میں آپریشن کرکے بدنام زمانہ دہشت گرد مکرم کو ہلاک جبکہ ایک کو پکڑ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے مقابلہ میں دہشت گرد مکرم ہلاک ہو گیا جبکہ ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
دہشت گردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سوات سے ہے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو شہری بھی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں، بارودی سرنگوں کے دھماکوں، سکولوں کو تباہ کرنے، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔