وزارت تعلیم کی خواہش ہے تعلیمی ادارے کھلے رہیں: شفقت محمود

Published On 22 March,2021 11:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) شفقت محمود نے کہا ہے کہ آن لائن پڑھائی سے طلبا خوش نہیں، وزارت تعلیم کی خواہش ہے تعلیمی ادارے کھلے رہیں، یکساں نصاب تعلیم پورے ملک میں نافذ ہوگا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے چیمبر آف کامرس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا صورتحال میں متعدد اقدامات کیے، تعلیمی ادارے بند کرنا مشکل فیصلہ تھا، وزارت تعلیم کی خواہش ہے تعلیمی ادارے کھلے رہیں، آن لائن تعلیم میں وہ بات نہیں جیسے کلاسز میں ہوتا ہے۔

 یاد رہے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں میں تعلیمی ادارے 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ کے تعلیمی ادارے 15 مارچ سے 2 ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ان تمام شہروں میں تعلیمی ادارے 28 مارچ تک بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا، پابندی کا اطلاق امتحانات والے سکولوں پر نہیں ہوگا، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ 5 کروڑ بچے سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں میں تعیلم حاصل کرنے جاتے ہیں، اسلام آباد، پشاور اور مظفر آباد میں بھی تعلیمی ادارے بند ہونگے، سندھ، بلوچستان میں کورونا کے حالات ابھی ٹھیک ہیں، سندھ اور بلوچستان کے سکولوں میں بچے 50 فیصد حاضری سے آئیں گے، گلگت بلتستان میں بھی کورونا صورتحال بہتر ہے۔

Advertisement