اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر سابق وزیراعظم سے جواب طلب کرلیا۔ ای سی پی نے سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی۔
الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر نااہلی کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ چیف الیکشن کمشنر آج پھر بنچ کا حصہ نہ بنے۔ درخواست گزار تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی فرخ حبیب اور ملیکہ بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ تحریک انصاف نے ترمیم شدہ درخواستیں جمع کرا دیں۔
پی ٹی آئی وکیل ملیکہ بخاری نے کہا کہ درخواست میں ویڈیو میں موجود دونوں ایم این ایز کو فریق بنایا گیا ہے، ہماری نظر میں فہیم خان اور جمیل احمد گواہ ہیں، کمیشن کی ہدایت پر گواہان کو فریق بنایا ہے، کمیشن سمجھتا ہے کہ کوئی رکن اسمبلی ملوث ہے تو اس کے خلاف تحقیقات کرے۔ الیکشن کمیشن ممبر کے پی ارشاد قیصر نے کہا الیکشن کمیشن کے حکم پر من و عن عمل نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن ممبر پنجاب نے کہا کہ ویڈیوز میں کسی کا چہرہ واضح نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن نے ملیکہ بخاری سے استفسار کیا آپ کی نئی درخواست پر سماعت کی جائے یا پرانی درخواست پر ؟ جس پر پی ٹی آئی وکیل بخاری نے کہا الیکشن کمیشن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے وہ شفافیت کو یقینی بنائے۔ اونچی آواز میں بات کرنے پر الیکشن کمیشن نے ملیکہ بخاری کو ٹوک دیا۔ رکن الیکشن کمیشن پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا کہ آپ جذباتی نہ ہوں آرام سے دلائل دیں۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی نئی درخواست کو کیس کا حصہ بنالیا۔
الیکشن کمیشن میں یوسف رضاء گیلانی کے وکلاء بھی پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے یوسف رضاء گیلانی سے جواب مانگ لیا۔ ای سی پی نے یوسف رضاء گیلانی کے وکلاء کو درخواست کی کاپی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 5 اپریل تک ملتوی کر دی۔