لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 26 مارچ کو کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تصادم کی پالیسی کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس کو بھی نیب بلائے اس کو چاہیے اداروں کی عزت کرتے ہوئے پیش ہوں، اداروں کا احترام سب پر لازم ہے، اپوزیشن جماعتیں اپنا کیا ہوا بھگت رہی ہے۔
بعدازں وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ میں ایک ارب 27 کروڑ روپے کے نئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے شیخوپورہ میں وارث شاہ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ اور گوجرانوالہ روڈ پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہے، شیخوپورہ کیلئے 10 ارب کا ترقیاتی پیکج لیکر آیا ہوں، شیخوپورہ کا ایل ڈی اے لاہور کے دائرہ کار سے نکالیں گے، چاہتے ہیں ہر ضلع کو اس کا حق ملے۔