حفیظ شیخ کو تبدیل کرنے سے ملک کے حالات نہیں بدلیں گے: امیر مقام

Published On 31 March,2021 11:26 am

ہشاور: (دنیان یوز) مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام کا کہنا ہے کہ کھلاڑی حفیظ شیخ کو تبدیل کرنے سے ملک کے حالات نہیں بدلیں گے، پی ڈی ایم تحریک تھی سیاسی اتحاد نہیں، جس نے پی ڈی ایم کو چھوڑا وہ زیرو ہو جائے گا۔

پشاور ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری سے متعلق کیس کے بعد امیر مقام کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایک کھلاڑی حفیظ شیخ کو تبدیل کرنے سے ملک کے حالات نہیں بدلیں گے، کپتان کو بدلنا ہوگا تب ہی قسمت بدلے گی، کچھ بھی ہو مسلم لیگ ن پیچھے نہیں ہٹے گی، لوگ پی ٹی آئی سے نالاں ہیں، پی ڈی ایم ایک تحریک تھی سیاسی اتحاد نہیں، ہم ساری جماعتیں الگ الگ انتخابی نشانات سے الیکشن لڑیں گے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو صرف پنجاب میں نہیں مرکز میں بھی ساتھ دینا چاہئے تھا، پی ڈی ایم ایک خاص مقصد کیلئے بنی ہے، پی ڈی ایم سے نکلنا عوام سے زیادتی ہوگی، کوئی رہے یا نہ رہے مسلم لیگ پی ڈی ایم میں رہیگی۔

پشاور ہائیکورٹ میں امیرمقام کی نیب کی ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے درخواست قبل از گرفتاری کیس پر سماعت وکلاء ہڑتال کے باعث ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ نیب امیر مقام کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری کر رہا ہے۔

 

Advertisement