سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی بربریت جاری ہے۔ قابض فوج نے ضلع پلواما میں ظالمانہ کارروائی کرتے ہوئے 3 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے متعدد نوجوان زخمی بھی ہوئے۔
مقبوضہ وادی کے عوام مسلسل بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔ کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی جاری ہے۔ غاصب فوج نے نوجوانوں کو ضلع پلواما کے علاقے کاکا پورہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کر دیا۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے لڑکی سمیت کئی نوجوان زخمی بھی ہوئے۔ معصوم کشمیریوں کے خلاف کارروائی میں بھارتی پولیس، سی آر پی ایف اور فوج نے حصہ لیا۔
کارروائی کے دوران علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔ بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج بھی کیا۔