افسران بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کریں، چیئرمین نیب کی ہدایت

Published On 05 April,2021 08:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششیں دوگنا کر دیں۔

چیئرمین نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی ادارہ ملک کو قانون کے مطابق کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نیب کے آپریشن اینڈ پراسیکیوشن ڈویژنز اور شکایات کی جانچ پڑتال کا جائزہ لیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب ملک کو قانون کے مطابق کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ احتساب عدالتوں میں نیب کے مقدمات میں مجموعی سزا کی شرح 68.8 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گیلانی اینڈ گیلپ سروے کے مطابق 59 فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے جبکہ یہ قومی ادارہ سات ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو نے گزشتہ تین سالوں کے دوران بدعنوان عناصر سے 487 ارب وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔
 

Advertisement