ریلوے کی ایک انچ زمین بھی فروخت نہیں ہوگی: اعظم خان سواتی

Published On 06 April,2021 06:00 pm

سکھر: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ ریلوے کو کمرشل بنیادوں پر چلا رہے ہیں تاکہ ریلوے کو منافع بخش بنایا جاسکے، ریلوے کی ایک انچ زمین بھی فروخت نہیں ہوگی، اسے کمرشل بنیادوں پر استعمال کیا جائے گا، سرکاری زمینوں کی بندر بانٹ نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھرمیں چیمبرآف کامرس سے گفتگو اور ڈی ایس ریلوے آفس میں افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی سکھرکے دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے۔ انہوں نے ڈویژنل آفس سکھر میں ریلوے افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ اجلاس میں ریلوے کی ترقی اور فریٹ ٹرین سروس سمیت آمدنی میں اضافہ کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

اعظم سواتی نے کہا کہ فریٹ سروس ریلوے کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ریلوے ملازمین کو ایمانداری اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ ریلوے سکھر طارق لطیف نے سکھر ڈویژن میں ریلوے کی ترقی ، آمدن بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔سکھرکے شہریوں کودرپیش مسائل اور سفری سہولیات کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ریلوے کو کمرشل بنیادوں پر چلا رہے ہیں تاکہ ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنایا جاسکے۔ ریلوے کی ایک انچ زمین بھی فروخت نہیں ہوگی تاہم اسے کمرشل بنادوں پر استعمال کیا جائے گا۔ماضی کی طرح سرکاری زمینوں کی بندر بانٹ نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی رہائشی کالونیوں میں ہائوسنگ اسکمیں بنائی جائیں گی جس سے عوام اور ملازمین کو اعلی رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس سلسلہ میں چائینز کمپنی سے بات چیت جاری ہے، چند روز میں پانچ چھ منزلہ عمارتیں بنانے کے حوالے سے معاملہ طئے ہوجائے گا۔
 

Advertisement