بلدیاتی اداروں کو بحال کیا جائے، لیگی رہنما احسن اقبال کی عدالت سے درخواست

Published On 07 April,2021 05:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے عدالت سے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرا رہے، انہیں توہین عدالت کا نوٹس بھیجا جائے۔

میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومتی ادارے عدالتی فیصلے پر عمل کرنے کے پابند ہیں لیکن پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں پر ان کے دفاتر بند کر دیئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد سے انکاری ہے۔ وزیراعلیٰ اور افسران کے خلاف نوٹس بھیجے جائیں جو روڑے اٹکا رہے ہیں۔

احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ حکومت کی ایما پر ن لیگ کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ سول سرونٹس سے اپیل ہے کہ آپ ریاست پاکستان کے ملازم ہیں۔ جو پرانے مقدمات کو فالو کرے گا ان کیخلاف کمیشن بنے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی کی انتقامی کارروائیوں کو مانیٹر کرنے کیلئے سیل بنایا ہے۔ کسی سرکاری اہلکار نے ریڈ لائن پار کی اس کا ریکارڈ ن لیگ سیکرٹریٹ میں آئے گا۔ ایسے افسران کو حکومت کے جانے کے بعد کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ سرکاری ملازمت بھی کریں اور سیاست بھی۔
 

Advertisement