عالمی برادری کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے:پاکستان

Published On 09 April,2021 08:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے گزشتہ ہفتے بھی کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

انھوں نے کہا کہ پلوامہ اور شوپیاں میں مزید 10 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جن میں سے 7 کو گزشتہ روز شہید کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے عالمی اداروں کے تحت تمام بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے خلاف آزادانہ تحقیقات کا بارہا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے مسلسل اس بات پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اداروں اور ذرائع ابلاغ کو رسائی فراہم کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مقبوضہ وادی کے مسلسل فوجی محاصرے، کشمیری قیادت کی نظر بندی، کشمیری عوام کی بنیادی آزادی پر عائد پابندیوں اور علاقے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی جاری کوششوں پر تشویش ہے۔
 

Advertisement