اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارت کی جانب سے مسجد کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ مسجد میں بھارتی ہتھیاروں کا استعمال اور گرینیڈ پھینکے گئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے شوپیاں کے علاقے میں مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ مسجد میں بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ اور گرنیڈ پھینکنے کی پاکستان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ 9 اپریل کو واقعہ نام نہاد تلاشی اور چھاپوں کی کارروائی کی آڑ میں کیاگیا۔ بہیمانہ واقعہ کشمیریوں اور مقبوضہ خطے میں بھارت کی کھلی ریاستی دہشت گردی کا ایک اورواضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کا غیرانسانی طرز عمل ان کے اخلاقی دیوالیہ پن کا عکاس ہے، مقبوضہ خطے کے عوام کی مذہبی و ثقافتی شناختی کو نشانہ بنانا عالمی قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ طاقت کے بہیمانہ استعمال اورمذہبی مقامات کو نشانہ بناکر بھارت کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کرسکا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق استصواب رائے کے منصفانہ حق کی حمایت جاری رکھیں گے۔