ریسکیو 1122 کا سروس سٹرکچر نہ بنا کر ظلم کیا گیا، چودھری پرویز الہیٰ

Published On 16 April,2021 10:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے ریسکیو 1122 کا سروس سٹرکچر نہ بنا کر نوجوانوں کے ساتھ ظلم کیا۔

یہ بات انہوں نے ڈی جی ریسیکو کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ادارے کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے قیمتی جانیں بچانے کا سہرا بھی ریسکیو 1122 کے سر ہے، جب اپنے بھی ساتھ چھوڑ جاتے ہیں تب بھی ریسکیو 1122 ساتھ نبھاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریسکیو سروس کی بروقت عوامی خدمت اپنی مثال آپ ہے اور ادارے کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات بے مثال ہیں۔ سابقہ حکومت نے ریسکیو 1122 جیسے بہترین ادارے کی افادیت کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ اب الحمدللہ ہم نے پنجاب اسمبلی میں قانون بنا کر صحیح تقاضوں کا جائزہ لینے کے بعد نئی جدت اور ولولے کے ساتھ ازسرنو وہاں سے کام شروع کیا جہاں سے ہم چھوڑ کر گئے تھے۔

سپیکر نے کہا کہ کورونا کی پہلی، دوسری اور تیسری لہر کے دوران ہزاروں کورونا مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی، ریسکیو کے نوجوانوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر مریضوں کو بروقت ہسپتالوں تک پہنچایا۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ میری طرف سے ریسکیو کے نوجوانوں کیلئے یہ پیغام ہے کہ انہوں نے لوگوں کی قیمتی جانیں بچانے کا جو کام کیا اس کا اجر صرف اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے۔