سرکاری افسران کو اپوزیشن کی دھمکیاں، وزیراعلیٰ پنجاب کا سخت رد عمل سامنے آ گیا

Published On 17 April,2021 05:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سرکاری افسران کو اپوزیشن کی دھمکیوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا سخت رد عمل سامنے آ گیا ہے۔ دھمکیاں دینے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سرکاری افسروں کو دھمکیاں دینا غیر قانونی امر ہے، برداشت نہیں کریں گے۔ کوئی افسران کو دھمکی دے گا تو خاموش نہیں بیٹھے رہیں گے۔ دھمکیاں دینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، قانونی کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنما کرپشن بے نقاب ہونے پر بوکھلاہٹ میں سرکاری افسروں پر برس پڑے۔ سرکاری افسران کے بارے میں اپوزیشن کی بیان بازی انتہائی افسوسناک اور غیر اخلاقی ہے۔ کرپشن چھپانے کیلئے سرکاری افسران پر الزام تراشی قابل مذمت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی سرکاری افسر کرپٹ ٹولے کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔ دیانتدار اور محنتی سرکاری افسروں کے ساتھ ہیں۔ قواعد و ضوابط کے بارے میں کسی کو شکایت ہے تو قانونی راستہ اختیار کرے۔ بیوروکریسی کو ہراساں کرکے کام نکلوانے کا وقت گزر گیا، اب میرٹ پر کام ہوتے ہیں۔
 

Advertisement