لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، جہاں قانون توڑا جائے گا وہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ ناخوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوں گی، اسلام امن کا دین ہے، دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، کوئی معاشرہ پر تشدد رویوں کی اجازت نہیں دیتا، انتہا پسند رویے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی، قانون سب کے لئے برابر ہے، قانون شکنی کرنے والے عناصر سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا، کسی کو بھی ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے۔
ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی میں میں بات چیت چل پڑی ہے، مذاکرات کا پہلا دور کامیابی سے مکمل ہوا ہے، مذاکرات کا دوسرا دور آج دوبارہ ہوگا، امید ہے کالعدم ٹی ایل پی سے تمام معاملات طے پا جائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ایل پی نے 11 یرغمالی پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا ہے، کالعدم ٹی ایل پی کے لوگ جاچکے اور پولیس بھی پیچھے ہٹ گئی ہے، 192 ناکوں میں ایک ناکہ رہ گیا تھا اس میں بھی بہتری آگئی ہے، مذاکرات کی کامیابی میں حکومت پنجاب کا اہم کردار ہے۔