پاکستان، یو اے ای کی مسلسل مدد کو سراہتا ہے: ترجمان دفتر خارجہ

Published On 20 April,2021 09:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی مسلسل مدد اور تعاون خصوصاً ابوظہبی فنڈ کی 2 ارب ڈالرز ڈیپازٹ کی مدت میں اضافے کو سراہتا ہے۔

میڈیا کی جانب سے اٹھائے گئے کچھ سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے فیصلے کے متعلق حال ہی میں متحدہ عرب امارات کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کئے گئے دورے میں بتایا گیا اور یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کا ایک اور اظہار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے وزارتِ خارجہ، متحدہ عرب امارات آمد پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستانی پویلین کے قیام میں اماراتی حکومت کی بھرپور معاونت پر، اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا جبکہ اماراتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے، ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر” امدادی قرض” کی واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیر خارجہ نے اس خیر سگالی اقدام پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، اسے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ابوظہبی فنڈ سے ملنے والے دو ارب ڈالر امدادی قرض کی ادائیگی، 19 اپریل 2021 تک کرنا تھی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، رواں سال، اکتوبر میں متوقع “دبئی ایکسپو 2020” میں بھرپور شرکت کریگا اور اس ایکسپو کے ذریعے دنیا کی توجہ، پاکستان کی تاریخ، جغرافیائی اہمیت، تہذیب و تمدن اور پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر وسیع مواقع کی جانب مبذول کروائیں گے ۔

 

Advertisement