اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان، افغان شراکت داروں کے تعاون سے ذمہ دارانہ فوجی انخلا کے اصول کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم نے امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان دیکھا جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کا انخلا آئندہ ماہ کی یکم تاریخ سے شروع ہو کر رواں سال گیارہ ستمبر کو مکمل ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی اُمید کرتے ہیں کہ امریکہ افغان رہنمائوں پر زور دیتا رہے گا کہ وہ افغانستان میں سیاسی قبضے کے حصول کے لئے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کی کوششوں میں عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ پاکستان کو یقین ہے کہ افغان تنازعے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں ہے اور افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے لئے افغانوں کی زیر قیادت اور افغانوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل اہم ہے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلاء اور امن عمل میں پیش رفت ایک ساتھ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان خوشحال، مستحکم ، متحدہ اور جمہوری افغانستان کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ افغانستان میں از سر نو تعمیر اور اقتصادی ترقی کیلئے بین الاقوامی برادری کی بامعنی مذاکرات وہاں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں دیر پا امن و استحکام لانے کی کوششوں کیلئے دوسرا اہم قدم مہا جرین کی بروقت واپسی اور ان کی بحالی کا منصوبہ ہونا چاہیے۔