پاکستان انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے پرعزم ہے، دفتر خارجہ

Published On 01 April,2021 09:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے پاکستان اپنے قومی قانونی فریم ورک اور عالمی ذمہ داریو ں کے مطابق انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی حالیہ رپورٹ پر میڈیا سوالات پر ردعمل دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ قانونی، انتظامی اور پالیسی اقدامات سمیت ادارہ جاتی اصلاحات ملک میں متعارف کرائی گئی ہیں، جن میں کمزور طبقات پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ تمام پاکستانی شہریوں کو انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اُنہوں نے کہا پاکستان سمجھتا ہے کہ عالمی انسانی حقوق کے ایجنڈے کو تعمیری شمولیت اور معروضیت و غیر سیاسی پن کے اصولوں پر کاربند رہ کر پورا کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پا مالیوں اور سزا سے استثناء کے ماحول کے حوالے سے یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے ادارے کی آواز سے ہم آہنگ ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کی نگرانی کرے اور بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی عالمی ذمہ داریاں پوری کرے۔
 

Advertisement