پاکستان سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے: صدر مملکت

Published On 22 April,2021 06:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اپنے برادر ملک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔

وہ سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے آج ان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاریخ، ثقافت، روایات، مذہب، اقدار مشترکہ جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر یکساں سوچ پائی جاتی ہے۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ پاکستانی برادری کے مسائل حل کرنے میں اُن کی مدد کریں۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ دو طرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس کوششیں کریں گے۔

صدر نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو سعودی عرب کے تمام دستیاب فورموں پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

Advertisement