پنجاب میں کورونا ویکسین کی وافر مقدار دستیاب ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

Published On 28 April,2021 04:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا ویکسین کی وافر مقدار دستیاب ہے، 50 سال عمر سے زائد افراد کی صوبہ بھر میں تیزی سے ویکسینیشن جاری ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے روز ابھی تک 50 سال سے 59 سال کی عمر کے ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ حکومت کا پروگرام ہے کہ پنجاب میں ویکسینیشن سنیٹرزکی تعداد بڑھا دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج میں بہتری لائی جا رہی ہے جبکہ تمام ویکسینیشن سینٹرز پر عملہ کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ عوام سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی اپیل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صوبہ بھر میں 40 ہزار سے زائد شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔ پنجاب میں تمام سینٹرز پر روزانہ کی بنیاد پر ویکسین کی وافر مقدار پہنچائی جاتی ہے۔ عوام ویکسینیشن سے متعلق کسی قسم کی معلومات حاصل کرنے کیلئے 1033 پر کال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے، ڈاکٹر یاسمین راشد

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ چالیس سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن کا آغاز ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ایک لاکھ 98 ہزار سے زائد ہیلتھ کیئر ورکرز کو پہلی ڈوز جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔

انہوں نے اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ چار لاکھ 95 ہزار سے زائد بزرگ شہریوں کو کورونا ویکسین کی پہلی جبکہ ایک لاکھ 64 ہزار سے زائد بزرگ شہریوں کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 ہزار 500 سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی گئی۔
 

Advertisement