امریکی سینیٹرز نے پاکستان، افغانستان کیلئے معاشی پیکج متعارف کرا دیا: طاہر جاوید

Published On 01 May,2021 12:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید نے کہا ہے کہ امریکی سینیٹرز نے پاکستان، افغانستان کیلئے معاشی پیکج متعارف کرا دیا، جس سے قانون سازی کے ذریعے پاکستان سے ٹیکسٹائل کا سامان بغیر ڈیوٹی امریکا بھجوایا جاسکے گا۔

امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹ سینیٹرکرس وین ہولین، ماریہ کینٹ ویل، ری پبلکن ٹوڈینگ نے پیکج متعارف کرایا، اس پیکج سے افغانستان، پاکستان میں معاشی فوائد پیدا ہوں گے، معاشی پیکج خطے میں استحکام کو فروغ کیلئے متعارف کرایا گیا ہے، یہ معاشی پیکج سینیٹ امور خارجہ کمیٹی کے سامنے متعارف کرایا گیا، پیکج کے تحت پاک افغان سرحدی علاقوں میں تعمیر نو کے زون کا قیام ہوگا۔

طاہر جاوید کا مزید کہنا تھا کہ قانون سازی کے ذریعے ٹیکسٹائل کا سامان بغیر ڈیوٹی امریکا بھجوایا جاسکے گا، یہ منظوری کے بعد قانون کا حصہ بن گیا تو 10 سال کیلئے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا، پاکستان کی امریکا کے لیے ایکسپورٹ دس گنا بڑھ سکتی ہے، اس ایک عمل سے پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں، پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کو ایک نئی جہت مل سکتی ہے۔
 

Advertisement