حکومت آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام، دکانوں پر 52 روپے فی کلو فروخت

Published On 30 April,2021 08:41 am

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی، دکانوں پر آٹا 52 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت بند، 15 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 1030روپے میں فروخت ہونےلگا۔

مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کا ایک اور امتحان، آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا۔ دکانوں پر آٹا 43 روپے سے بڑھ کر 52 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ سرکاری گندم کی 1300 روپے فی من ریلیز بند ہو گئی۔ مقامی مارکیٹ میں پرائیویٹ گندم 1800 سے 1900 روپے فی من فروخت کیا جا رہا ہے۔ گندم کی قیمت بڑھنے پر شہر میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت بند ہو گئی۔ 15 کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1030روپے میں بیچا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کیا چاہتی ہے، اتنی مہنگائی ہے، غریب آدمی کہاں جائے۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن میاں عاصم رضا کا کہنا ہے کہ
محکمہ خوراک نے 5 ہزار میٹرک ٹن سبسڈائزڈ گندم کی سپلائی بند کر دی،
اب 10 کلو آٹے کا تھیلا 515 روپے میں ملے گا۔

محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق صرف رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں مل رہا ہے، نئی گندم 1800 سے 1900روپے میں بیچی جا رہی ہے، گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
 

Advertisement