اے لیول کے امتحانات شروع، بغیر ماسک سینٹر میں داخلہ منع

Published On 27 April,2021 02:34 pm

لاہور، اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) لاہور برٹش کونسل کے زیر اہتمام اے لیول کے امتحانات کا آغاز ہوگیا۔ لاہور میں امتحانات کے لئے دس سنٹرز بنائے گئے ہیں۔پہلی شفٹ میں صبح نو اور دوسری شفٹ میں 2 بجے امتحانات کا آغاز ہو رہا ہے۔

امتحانات کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا لازمی ہے۔ ماسک کے بغیر سنٹر میں داخلہ منع ہے۔ سنٹر کے اندر اور باہر طلبہ کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ رکھنے کی ہدایات کی گئی ہے۔ سنٹر کے باہر طلبہ کا بخار چیک کیا جاتا ہے اور جن کا درجہ حرارت زیادہ ہوگا ان کو سنٹر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وزیر تعلیم راجہ یاسر کا کہنا ہے کہ جو بچے اس مرتبہ امتحانات نہیں دینا چاہتے وہ نومبر کے سیشن پر شرکت کرسکتے ہیں۔ چار ہزار بچے اے لیول کے امتحانات میں شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر تعلیم شفقت محمود نے امتحانات دینے والے طلبا و طالبات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا بچوں کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے مشکل حالات میں سخت فیصلے کئے ، برٹش کونسل انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے پرعزم ہے ، حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کرے گی۔

شفقت محمود کا کہنا ہے کہ جو طلبہ اور والدین مطمئن نہیں وہ اکتوبر، نومبر میں ہونے والے امتحانات شرکت کرسکتے ہیں، اس کے لئے کوئی اضافی اخراجات نہیں لئے جائیں گے۔ دریں اثنا وزیرتعلیم شفقت محمود نے اسلام آباد میں امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
 

Advertisement