لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ایفورڈایبل ہاؤسنگ سکیم کے تحت صوبہ بھر میں 133 مقامات کی نشاندہی کر لی ہے۔
اجلاس سے خطاب میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 54 مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے، 32 مقامات پر ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان جلد لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں بیک وقت 10 مقامات پر اس تاریخ ساز منصوبے کا آغاز کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے 3 ارب روپے اس پروگرام کے ڈویلپمنٹ کاموں کیلئے فراہم کر دیئے ہیں۔ گھر کا سائز 3 مرلے سے بڑھا کر ساڑھے 3 مرلے کر دیا گیا ہے۔ 14 لاکھ 30 ہزار روپے میں گھر دیا جائے گا۔ درخواست گزار صرف ایک لاکھ 43 ہزار روپے دے گا، باقی رقم بینک آف پنجاب فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گھر کی ماہانہ قسط تقریباً 10 ہزار روپے ہوگی۔ ایک برس میں گھر تعمیر کرکے قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کے حوالے کئے جائیں گے۔ سرگودھا میں اس منصوبے کا افتتاح ہو چکا ہے اور کام جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چنیوٹ، لاہور، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، میانوالی، سرگودھا اور خانیوال سمیت 10 تحصیلوں میں کام کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ کم آمدن لوگوں کو اپنی چھت کا خواب پورا کرنا تحریک انصاف کی حکومت کا وعدہ ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ وہ لوگ جو انتہائی محدود آمدنی میں کبھی اپنے گھر کا سوچ کر آہ بھر کر رہ جاتے تھے، انشاء اللہ جلد اپنے گھر کے مالک ہوں گے۔ کم آمدن والے شہریوں کے لئے سستے گھروں کی تعمیر ہماری حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔