اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں خدمات انجام دینے والے صحافیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جنہیں منظم انداز میں دھمکیاں دی جاتی ہیں اور ہراساں کیا جاتا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے آج ٹویٹر پر ایک بیان میں آزادی صحافت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کورونا وائرس سمیت دیگر مشکلات کے دوران فرائض انجام دینے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں خدمات سر انجام دینے، منظم ہراسگی اور دھمکیوں کا سامنا کرنے والے صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آزادی صحافت کیلئے پر عزم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ہم آزادی صحافت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور صحافی برادری کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کووڈ 19 کے دوران بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں ان صحافیوں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں جنہیں منظم ہراسگی اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔