اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ لوگوں کے رجسٹریشن کرانے کی رفتار میں اضافہ ہوا، اب تک رجسٹریشن کرانیوالوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
سربراہ این سی او سی و وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک روز میں ویکسین لگنے کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کرگئی، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اور حفاظتی اقدامات جاری رکھیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 119 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 18 ہزار 429 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 41 ہزار 636 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 113 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 10 ہزار 616، سندھ میں 2 لاکھ 87 ہزار 643، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 21 ہزار 99، بلوچستان میں 22 ہزار 776، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 341، اسلام آباد میں 76 ہزار 696 جبکہ آزاد کشمیر میں 17 ہزار 465 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 20 لاکھ 10 ہزار 519 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 838 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 38 ہزار 727 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار 211 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 119 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار 429 ہوگئی۔ پنجاب میں 8 ہزار 741، سندھ میں 4 ہزار 687، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 466، اسلام آباد میں 698، بلوچستان میں 239، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 491 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔