لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آگے ہے، حکومت مدت پوری کرے گی اور عام انتخابات 2023 میں ہوں گے۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے ایوان وزیراعلی میں صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست ختم ہوچکی، عوام صرف ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، ماضی کی حکومت نے پسماندہ علاقوں پر کوئی توجہ مرکوز نہیں کی، تحریک انصاف کی حکومت ہر شہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر مزید تیز کریں گے، کسی شہر کی حق تلفی نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر زراعت سید حسنین جہانیاں گردیزی، معاون خصوصی امیر محمد خان، اراکین قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان چیمہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، اراکین پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، محمد عامر عنایت شہانی، جاوید کوثر، مسرت جمشید چیمہ اور محمد لطیف نذر شامل تھے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور میں صفائی، پارکنگ، تجاوزات اور جرائم کی روک تھام کے لئے متعلقہ حکام کو اہم ٹاسک سونپ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے، شہر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد عثمان کو خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ عید کی تعطیلات میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں، کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر درست کیا جائے گا، شہر کی خوبصورتی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے، شہر میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے نئے پارکنگ پلازہ بنائے جائیں گے، کمشنر لاہور ڈویژن پارکنگ پلازہ بنانے کیلئے لیڈ لیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ پارکنگ ایشوز کے حل، ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری اور جرائم کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات چاہتا ہوں، تجاوزات کے خاتمے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ لاہور میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔