لاہور ہائیکورٹ : شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دیدی

Published On 07 May,2021 04:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دیدی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے بیرون ملک جانے پر لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ سنا دیاجسٹس علی باقر نجفی نے بلیک لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

عدالت نے لیگی صدر کو 8 ہفتے کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دیدی۔ 8مئی سے 3 جولائی تک اجازت ہو گی۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف پہلے بھی مشروط اجازت پر بیرون ملک جا چکے ہیں۔ شہباز شریف 8 مئی سے 3جولائی میڈیکل چیک اپ کے لیے برطانیہ جا سکتے ہیں ۔لاہور ہائیکورٹ نے 5 جولائی کے لیے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیے۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کیلئے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ میں شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ مارچ 2020 میں برطانیہ سے آخری پرواز کے ذریعے بیمار ماں کو چھوڑ کر واپس آیا، وفاقی حکومت کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

فاضل جج نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل ہے یا نہیں، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ ابھی مجھے کنفرم نہیں ہوسکا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ جب ملزم کی ضمانت ہوچکی ہے، ٹرائل میں پیش ہو رہا ہے، ملزم اپوزیشن لیڈر اور تین بار وزیر اعلیٰ پنجاب رہے ہیں، کونسی گارنٹی چاہیے آپ لوگوں کو وہ بتایں۔ سرکاری وکیل نے اپوزیشن لیڈر کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ لیگی رہنما منی لانڈرنگ کے مرکزی ملزم ہیں، باہر جانے سے عدالتی کارروائی متاثر ہوگی۔

سرکاری وکیل نے عدالت سے درخواست ضمانت عید کے بعد سماعت کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ادارے اپنا اپنا ریکارڈ لے آئیں گے، جمعہ تھا جس کے باعث سٹاف جا چکا ہے۔

Advertisement