کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ روزانہ ایک لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جائے، ایکسپو سینٹر میں ہال لے کر پچاس ہزار ویکسینیشن کی گنجائش بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ ہاﺅس میں کورونا وائرس ٹاسک فورس اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا کی پہلی لہر میں گیارہ جون دو ہزار بیس کو سب سے زائد تین ہزار اڑتیس کیسز تھے، دوسری لہر میں دس دسمبر دو ہزار بیس کو انیس سو تراسی کیسز تھے، انتیس اپریل دو ہزار اکیس کو تیسری لہر میں سب سے زیادہ ایک ہزار چونسٹھ کیسز رپورٹ ہوئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید تعطیلات پر بھی ویکسینیشن سینٹرز کھلے رہیں گے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ تین سے نو مئی کورونا کیسز کا ڈیٹا دیکھیں تو کراچی میں نو اعشاریہ اڑتالیس فیصد کیسز آ رہے ہیں، حیدرآباد میں گیارہ اعشاریہ اکیاسی، سکھر میں پانچ اعشاریہ بانوے، دیگر اضلاع میں تین اعشاریہ بانوے فیصد کیسز آئے، کراچی شرقی میں 23 فیصد، کراچی جنوبی میں 15 فیصد، کراچی وسطی میں 11 فیصد کیسز ہیں۔