اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کل شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، کیس میں شہباز شریف فیملی کے ممبر مفرور ہیں، شہبازشریف وزارت داخلہ کو 15دن کے اندر نظر ثانی کی درخواست دے سکتے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی ظلم وستم کی مذمت کرتےہیں، پاکستان کی حکومت اورعوام فلسطینیوں کےساتھ ہیں۔ کشمیر اور فلسطین کو ایک دن آزادی ضرورحاصل ہو گی۔ عالمی برادری کو مسئلے کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ ہولی فیملی کو کورونا ہسپتال میں تبدیل کردیں گے، پاک فوج کے جوانوں نے بھی کورونا میں زبردست کام کیا۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مشیر داخلہ واحتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے ساتھ مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے خاندان کے 5 لوگ اس کیس میں مفرور جبکہ تمام 14 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 25 بھی یہ کہتا ہے کہ جب باقی ملزم ای سی ایل پر ہوں تو کسی ایک ملزم سے خصوصی سلوک نہیں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا شہبا ز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف کے ضمانتی ہیں ان کی جانب سے بیرون ملک جانے کی کوئی درخواست ہمارے پاس نہیں آئی نہ ہی کوئی میڈیکل گرائونڈ بتائی گئی ہے ۔