عید کے روز شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی اطلاعات درست نہیں: فواد چودھری

Published On 13 May,2021 11:02 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عید کے روز شہباز شریف کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی اطلاعات درست نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی گئی۔

نیب کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی لیے درخواست دی گئی تھی جس کیلئے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس کے دوران سفارش کی تھی۔

ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ لیگی صدر شہباز شریف اب ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے، ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے منظوری دے دی۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ابھی تک ایسا کوئی نوٹیفیکشن نہیں ہوا، البتہ کابینہ کمیٹی نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے اور اس پر معمول کے طریقہ کار کے مطابق عمدرآمد ہو گا۔

اس سے قبل لال حویلی راولپنڈی میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے شہبازشریف کا کیس ای سی ایل میں ڈالا ہے، کیونکہ آرٹیکل 25 کے تحت اس کیس میں سوائے شہباز شریف کے باقی تمام 14 ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل تھے اور شریف فیملی کے 5 افراد مفرور ہیں، رات کو ہم نے سمری کابینہ کو بھیجی تھی جو امید ہے آج سرکولیشن کے ذریعے منظور ہوچکی ہے۔ 

Advertisement