لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا دے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیاء ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے، عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے، عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی ضروری ہے۔