لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں سابق دور میں نمود و نمائش کے منصوبوں پر قومی خزانہ ضائع کیا گیا۔ زبانی جمع خرچ کر کے جعلی کارگردگی کا شور مچایا گیا۔ ماضی کی طرح شو بازی کا دور گزر چکا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اڑھائی برس میں سابق دور کی خرابیوں اور غلطیوں کو درست کیا۔ نمائشی منصوبوں کی جگہ فلاح عامہ کے پراجیکٹس پر کام کیاہے۔ ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔ سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے جنوبی پنجاب کو اس کی ترقی کا حق واپس کیا ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنایا ۔ آئندہ سے جنوبی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام علیحدہ بنے گا۔ جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکے گا۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر ہی صرف ہوں گے۔ ان منصوبوں کے آغاز سے صوبے کے عوام کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا اور معاشی ترقی کا عمل تیز ہوگا۔