راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین بجٹ میں عمران خان کو ووٹ دیں گے، پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات ہوتے رہتے ہیں، جمعہ کو لال حویلی کے باہر فلسطین سے یکجہتی کیلئے جلسہ ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو بڑے پراجیکٹ ہیں، ایک نالہ لئ اور دوسرا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ہے، یہ دونوں بن گئے تو راولپنڈی مکمل ہو جائے گا، ڈاکٹر فیصل کا مشکور ہوں، وہ ماں بچہ ہسپتال دیکھنے کیلئے آئے، کینسر کا بھی ایک ڈیپارٹمنٹ ہوگا، 16 سال سے جو کام روکا ہوا تھا، وہ 2 سال میں 80 فیصد تک مکمل کیا، 6 ماہ کے اندر کوشش کرینگے کہ ایک او پی ڈی چل جائے، مشینری کو 100 بیڈ کیساتھ چلا دیں، انگریز دور کے بعد یہ ماڈرن ہسپتال ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا دورہ بہت کامیاب ہوا، سعودی عرب سے ایسے تعلقات ہوگئے ہیں جیسے پہلے کبھی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو لال حویلی میں فلسطین کے حوالے سے جلسہ ہوگا۔