لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی، نہ کریں گے، حکومت کا دامن صاف ہے، جہاں بھی بے ضابطگی یا خرابی نظر آئی، فوری ایکشن لیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی کی عزت میری عزت ہے، منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام ہوں گے، راولپنڈی سمیت ہر شہر کا علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے، پہلی بار ہر شہروں کی ضروریات اور ترجیحات کو مد نظر رکھ کر فلاح عامہ کے منصوبے شروع کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ الزامات برائے الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، سازشی عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، ترقی کے مخالفین سوچے سمجھے منصوبے کے تحت زہریلا پراپیگنڈا کر رہے ہیں، تنقید اور پراپیگنڈے کا جواب ہمیشہ خدمت کی سیاست سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کا دامن صاف ہے، سابق دور میں ہر روز سورج نیا سکینڈل لے کر طلوع ہوتا تھا، مخالف عناصر صرف این آر او کے متلاشی ہیں جو انہیں وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کبھی نہیں ملے گا، ڈھائی برس میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومت 10 برس میں نہ کر سکی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔