اسلام آباد، لاہور: (روزنامہ دنیا) وفاقی حکومت نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند حضرات کو حج بکنگ کروانے سے روک دیا۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق سعودی حکومت نے ابھی تک کسی بھی ملک کو حج 2021 کا کوٹہ جاری نہیں کیا، حج کوٹہ ملنے پر وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2021 کا اعلان کرے گی اور حج کی اجازت ملنے کی صورت میں وزارت رجسٹرڈ اور کوٹہ ہولڈر حج کمپنیوں کی حتمی فہرست ویب سائٹ پرآویزاں کرے گی۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان سے قبل حج بکنگ نہ کروائیں، سرکاری اعلان سے قبل کسی بھی شخص یا کمپنی کی جانب سے حج بکنگ غیر قانونی تصور ہو گی۔ عوام الناس دھوکے باز عناصر سے باخبر رہیں اور حج سے متعلق وزارت کے حتمی اعلان کا انتظار کریں۔