حج 2021 سے متعلق حتمی پالیسی جاری نہیں کی: سعودی وزیر

Published On 24 May,2021 02:45 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) سعودی وزیر حج و عمرہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ میں کہا کہ سعودی حکومت نے ابھی تک حج 2021 سے متعلق حتمی پالیسی جاری نہیں کی۔ سعودی حکومت حتمی فیصلے سے قبل پاکستان کو اعتماد میں لے گی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عازمین کی تعداد اور ایس او پیز ابھی طے ہونا باقی ہیں، حج سے متعلق میڈیا پر آنے والی خبریں سعودی وزارت صحت کی سفارشات ہیں تاہم سعودی حکومت نے ابھی ان سفارشات پر حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں پیر نورالحق قادری نے کہا تھا کہ سعودی حکومت نے کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت حج 2021 کیلئے 60 ہزار عازمین حج کی تعداد مقرر کر دی جس کے تحت 15 ہزار حجاج مقامی جبکہ 45 ہزار حجاج باقی ملکوں سے حج کی سعادت حاصل کرینگے۔ امید ہے کہ 45 ہزار میں سے پاکستانی حجاج کو بھی کوٹہ ملے گا۔

دوسری جانب پاکستان میں سعودی سفارت خانے کے ایک ترجمان نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ حج کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ تجاویز ہیں جو کہ ابھی تک زیر غور ہیں۔

اسی طرح حرمین شریفین سے منسلک آفیشل ٹویٹر اکائونٹ پر سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری 9 صفحات پر مشتمل دستاویز کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حج کیلئے شرائط کا اعلان کر دیا گیا ہے۔