خیبرپختونخوا میں روزگار سے منسلک خواتین سے کئے وعدے وفا نہ ہوسکے

Published On 28 May,2021 05:15 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں روزگار سے منسلک خواتین سے کئے گئے وعدے وفا نہ ہو سکے، 6 سال گزرنے کے بعد بھی صوبہ میں صنعتی پالیسی پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا۔ کاروبار سے منسلک خواتین نے حکومت کے رویے کو غیر سنجیدہ قرار دے دیا۔

صوبے میں صنعتکاروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کےلیے صوبائی حکومت نے سال 2015ء میں صنعتی پالیسی بنائی لیکن 6 سال گزرنے کے بعد بھی اس کے خدوخال پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا۔ خواتین اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ حکومت اور انڈسٹریلسٹ کے درمیان روابط نہ ہونے سے مشکلات ہیں،حکومت مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

کاروبار سے منسلک خواتین کو جہاں مسائل کا سامنا ہے تو وہیں حکومت کی جانب سے ان کے حل کےلیے اقدامات نہ اٹھانے پر نالاں بھی ہیں۔ وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر کا کہنا ہے کہ کاروباری خواتین کو ٹیکس کی مد میں خصوصی رعایت دی جائے ،انڈسٹری میں بھی 15 فیصد کوٹہ دیا جانا چاہیے۔

خواتین کے مطابق حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں تو وہ ہرمیدان میں اپنا نام کما سکتی ہیں۔

 

Advertisement