خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس، حکومت اور اپوزیشن نے پولیس کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Published On 31 May,2021 08:40 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے پولیس کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ اپوزیشن اور حکومت پولیس کے خلاف متحد ہو گئے۔ حکومت نے واضح کیا کہ پولیس کو جوابدہ بنانے کے لئے قوانین لا رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق احمد غنی کے زیر صدارت ہوا جس میں حکومت اور اپوزیشن اراکین نے مل کر پولیس رویے کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے رکن اسمبلی کی جانب سے توجہ دلانے پر تمام اراکین اسمبلی نے واضح کیا کہ پولیس کو اختیار دے کر عوامی نمائندوں نے خود اپنی توہین کی ہے۔

صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ پولیس کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانے کے لئے شہرام خان ترکئی کی سربراہی میں قانونی ترامیم کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ پولیس ایکٹ 2017ء میں اصلاحات لائی جائے گی۔

صوبائی اسمبلی میں حکمران جماعت اور حزب اختلاف کے اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کالی بھیڑوں کو پولیس کی صفوں سے نکال کر جامع اصلاحات کی جائے تاکہ قربانیاں دینے والے پولیس اہلکاروں کا مورال ضائع نہ ہو۔
 

Advertisement