لاہور، اسلام آباد (روزنامہ دنیا) لاہور میں کورونا کا زور ٹوٹ گیا اور 6 ماہ بعد پہلی بار گزشتہ روز کورونا سے شہر میں ایک بھی موت نہیں ہوئی ۔ دوسری جانب حکومت نے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کرتے ہوئے 3جون سے ان کی رجسٹریشن کھولنے کا اعلان کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا ہے کہ تاحال 70 لاکھ پاکستانیوں کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے اور ملک بھر میں مثبت کیسز کی شرح10 فیصد سے کم ہوکر 4 فیصد پر آگئی ہے، انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ عیدالاضحی پر عید الفطر جیسی پابندیاں نہ لگانی پڑیں۔
این سی او سی نے اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں ایک روز میں کورونا سے 43 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اموات کی تعداد 20 ہزار 779 ہوگئی اور 2 ہزار 117 نئے کیسز رپورٹ ہونے سے کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 21 ہزار 53 ہوگئی۔ تاہم اب تک 8 لاکھ 41 ہزار 241 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور 3 ہزار 947 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ادھر ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں کورونا سے مزید 17مریض جاں بحق ہوگئے تاہم لاہور میں کوئی موت نہیں ہوئی ۔پنجاب میں 589 نئے کیسزکے ساتھ تعداد 3لاکھ 39ہزار 662 ہو گئی جبکہ لاہورمیں 235 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں سے گزشتہ روز 577 مریض صحت یاب ہو گئے۔
دریں اثنا وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ این سی اوسی اجلاس میں جمعرات 3جون سے 18سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کے لئے رجسٹریشن کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں بڑی عید سے پہلے ایسی صورتحال پر پہنچیں کہ بندشیں نہ لگانا پڑیں۔ رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن چاہتے ہیں۔
بھارت کی نسبت کورونا سے پاکستان میں کم نقصان ہوا ہے ۔ جون اور جولائی میں 2 کروڑ ویکسین میسر ہوں گی۔20 لاکھ اساتذہ کو 10جون تک ویکسین لگائی جائے گی، محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 1لاکھ 80ہزارسے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی گئی اور مجموعی طورپر 39لاکھ سے زائد شہریوں کو کوروناویکسین لگ چکی ہے ۔ دوسری جانب دو ماہ 6 دن بعد لاہور کے تمام چھوٹے بڑے پارکس کو کھول دیا گیا جبکہ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق اب پنجاب میں لانڈری اور ڈرائی کلین کی دکانیں ہفتے والے دن صبح 8 سے شام 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔