اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تعلیم کے وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ نویں کلاس سے بارہویں جماعت کے طلبہ کے امتحانات صرف چند اختیاری مضامین میں ہوںگے۔
اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹرک کے طلبہ کو ریاضی اور چار اختیاری مضامین کا امتحان دینا ہوگا جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ صرف اختیاری مضامین کے امتحان دیںگے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے کیا گیا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ اور ثانوی تعلیم کے تمام بورڈوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلے مہینے کی دس تاریخ کے بعد یہ امتحانات منعقد کریں۔
انہوں نے کہا کہ او لیول کے امتحانات 23 جولائی کے بعد ہونگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ مشاورتی عمل تمام فیصلوں پر اتفاق رائے یقینی بنا کر کیا گیا۔