لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب گروپ آف کالجز نے ایک اور شاندار اقدام اٹھاتے ہوئے پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم کا بیڑہ اُٹھا لیا ہے، اب شہدا کے بچے بغیر فیس پنجاب کالجز میں پڑھیں گے جبکہ زخمی پولیس ملازمین کے بچوں کو فیس میں 50 فیصد رعایت ہو گی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔
آئی جی آفس میں منعقدہ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر سہیل افضل اور ڈی آئی جی پولیس ویلفیئر آغا یوسف نے ایم او یو پر دستخط کئے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی فنانس فاروق مظہر کا کہنا تھا پنجاب گروپ آف کالجز پولیس افسران اور اہلکاروں کے بچوں کے لئے احسن اقدامات اٹھاتا رہتا ہے۔ پنجاب گروپ آف کالجز کے تمام اداروں کا تعلیمی معیار انتہائی اعلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سہیل افضل سے درخواست کرونگا کہ آئندہ بھی افسران اور سپاہیوں کے بچوں کے لئے اقدامات کرتے رہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز سہیل افضل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے بچوں کی تعلیم کے لئے پورا گروپ ہر وقت حاضر ہے، جب بھی ہماری خدمات کی ضرورت ہوگی ہم پیش پیش ہونگے۔
ایڈیشنل آئی جی فنانس فاروق مظہر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل سکھیرا اور پی ایس او ٹو آئی جی صہیب اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کے اختتام پر یادگاری شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر انعام غنی نے پروفیسر سہیل افضل سے ملاقات کی اور پنجاب گروپ آف کالجز کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ سووینئر بھی پیش کیا۔