کورونا کی کم شرح والے 16 اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

Published On 21 May,2021 06:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ اتھارٹی سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات کے مطابق پہلے مرحلے میں 16 اضلاع میں سکول اور کالجز کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پہلے مرحلے میں لاہور میں تمام تعلیمی اداروں کو بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بہاولنگر، چکوال، چنیوٹ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، قصور، منڈی بہاء الدین، ننکانہ صاحب، نارروال، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور وہاڑی کے سکولز کھلیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ اضلاع میں 4 دن سکول کھلیں گے۔ طلبہ کو متبادل دنوں میں بلایا جائے گا۔  بچ جانے والے اضلاع میں سکولوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ آئندہ میٹنگ میں ہو گا۔

دوسری جانب محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پیر سے صوبے کے 16اضلاع میں کالجز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق تمام نجی اور سرکاری کالجز پر ہوگا۔ کالجز سے متعلق مزید فیصلہ ہر 7 دن میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھیں: صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے 24 گھنٹے گزر گئے، سکول کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا

خیال رہے کہ وزیر تعلیم سکولز پنجاب مراد راس نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ 24 گھنٹوں کے اندر اعلان کروں گا کہ پنجاب میں کب اور کون سے اضلاع میں سکول کھولیں گے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کیا تھا۔

دوسری جانب وفاقی نظامت تعلیمات نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کی بندش میں 6 جون تک توسیع کر دی ہے، 7جون کو ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی کے 3 جون کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر اکیڈمکس سعدیہ عدنان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسز کی شرح تقریباً چھ فیصد ہونے کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کر دی گئی ہے۔

 

Advertisement