لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراح الحق نے کہا ہے کہ مسجد اقصٰی کے تحفظ کیلیے عالم اسلام ایک فورس تشکیل دے، جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔
مسئلہ فلسطین، درپیش مسائل پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی لحاظ سے مضبوط لیبیا میں جنگ اور آج شام کے بحران کا فائدہ اسرائیل اٹھا رہا ہے، مسلمانوں کو رنگ، نسل اور ذات کی بنیاد پر لڑایا جا رہا ہے، غزہ کے تعمیر نو کی تمام تر ذمہ داری او آئی سی پر ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو عالم اسلام کا فرض ہے، عالم اسلام کا ایک دفاعی ہوسٹ ہونا چاہیے، مسجد اقصٰی کے تحفظ کیلیے عالم اسلام ایک فورس تشکیل دے، جن ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔
سراج الحق نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان محفوظ ہو کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نتیجہ خیز بنانا ہو گا، جب ہم کشمیر کی بات کرتے ہیں تو اصل میں پاکستان کی بات کرتے ہیں، ہم جب آزاد فلسطین کی بات کرتے ہیں تو عالم اسلام کو بچانا چاہتے ہیں، بیت المقدس کی آزادی اسکاپہلا قدم ہے، پاکستان سمیت پوری دنیا میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت کے لئے نکلنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ امت مسلمہ کو متحد ہو نا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم سے اپیل کرتا ہوں اجتماعی طور پر مسئلہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان میں امن کیلیے کام کیا جائے، جماعت اسلامی نے اپنے ترک بھائیوں سے مل کر فلسطینی بھائیوں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔