میڈیا ورکرز کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: فواد چودھری

Published On 05 June,2021 10:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ میڈیا ورکرز کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، تحریک انصاف کی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان اقبال لاہور میں سی پی این ای کے عہدیداران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم جو بھی قوانین لائیں گے، میڈیا کی مشاورت سے لائیں گے۔ قوانین کے موجودہ فریم ورک میں تبدیلی کی ضرورت ہے، سوشل میڈیا ریگولیشنز ناگزیر ہیں۔ باقی معاملات کو آرڈیننس کی شکل میں لانا ہے یا بل کی شکل میں، ٹربیونل اور کونسل آف کمپلینٹ کی ہیت کیا ہونی چاہئے، اس میں جن ترامیم کی ضرورت ہے اس بارے میں سی پی این ای کو آگاہ کر دیا ہے۔ میڈیا ورکرز کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،

ان کا کہنا تھا کہ میڈیا ورکرز بالخصوص کیمرہ مین اور ٹیکنیکل افراد کو یہ مسئلہ درپیش ہے کہ اگر ادارے انہیں تنخواہ ادا نہیں کرتے تو ان کے پاس کوئی ایسا میکنزم نہیں ہے جہاں پر جا کر یہ اپنے رائٹس کو منوا سکیں۔ ہم میڈیا ورکرز کے حقوق کے لئے میکنزم لانا چاہتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، تحریک انصاف میڈیا کی وجہ سے اقتدار میں آئی، پی ٹی آئی سنگل مین پارٹی سے بڑی پارٹی میڈیا کی وجہ سے بنی، ہمیں میڈیا کی آزادی کا احترام ہے، میڈیا کی مجبوریوں کا احساس ہے۔ ایسی قانون سازی قطعاً نہیں کی جائے گی جس سے میڈیا کی آزادی پر فرق پڑے۔

Advertisement