اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اچھی خبروں کا سلسلہ جاری ہے، بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا۔ مہنگائی میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن قوت خرید میں اضافہ بھی اسی شرح سے ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا فرنٹ پر پاکستان کی ریکوری نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔ بھارت سمیت خطے کے ممالک اس موذی مرض سے نبرد آزما ہیں، ہمارے ہاں کراچی کے علاوہ تمام ملک میں کورونا کی شرح 4 فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا، ہمارے ہاں مہنگائی میں اضافہ تو ہوا ہے لیکن قوت خرید میں اضافہ بھی اسی شرح سے ہو رہا ہے جو خوش آئند ہے۔ امید ہےاگلےدو سالوں میں عمران خان کی قیادت میں ملک منزل کے قریب ہو گا۔